طرابلس۔(انٹرنیشنل ڈیدک) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین(یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل سے57 غیر قانونی تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچاکر لیبیا واپس لا یا گیاہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے یو این ایچ سی آر کی ایک ٹویٹ کے حوالے سے بتایا ہےکہ گزشتہ روز لیبیا کوسٹ گارڈ نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئےان غیر قانونی تارکین وطن کو بچایا ہے جن میں زیادہ تعداد شامی شہریوں کی ہے۔
ان تارکین وطن میں 13 خواتین اور 10 بچے بھی شامل ہیں۔ یو این ایچ سی آر اور بین الاقوامی ریڈ کراس نے لیبیا واپس آنے پران تارکین وطن کو ابتدائی طبی امداد، خوارک ، پانی اور کمبل فراہم کیے۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق رواں سال اب تک 28 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین بشمول خواتین اور بچوں کو بچایا گیا ہے اور انہیں لیبیا واپس لا یا گیا ہے جن میں 489 افرادہلاک اور 736 دیگروسطی بحیرہ روم کے راستے پر لاپتہ ہو ئے ہیں۔