مسلم لیگ ن نے ریاستی اداروں پر ہمیشہ حملہ کیا، وزیراعظم عمران خان

سیاسی مافیا اپنے کیسز سے بچنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے، ن لیگ عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونے میں اپنی تاریخ رکھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ریاستی اداروں پر ہمیشہ حملہ کیا، سیاسی مافیا اپنے کیسز سے بچنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے،ن لیگ عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونے میں اپنی تاریخ رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور بیرسٹر علی ظفر نے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اس معاملے میں خود پھنسے گی،معاملہ عدالت میں ہے عدالت ہی دیکھے گی، اس کیس میں ان پر توہین عدالت بھی لگ سکتی ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ لگتا ہے منصوبے کے پیچھے مسلم لیگ ن ہے،عدالتی کاروائی پر اثر انداز ہونے پر توہین عدالت بنتی ہے۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر تمام اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ڈرامہ بازیاں بتارہی ہیں کہ عمران نیازی حکومت عوامی وقومی امور میں سنجیدہ اور مخلص نہیں ،اپوزیشن کے علاوہ اب حکومتی ارکان اور اتحادی بھی عمران نیازی کی ضد، ہٹ دھرمی اور انا پرستی پر نالاں ہیں،پاکستان کا پورا نظام ایک شخص کی ضد اورانا کی بھینٹ چڑھا یا جارہا ہے جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کا مسلسل پانچواں اجلاس ہوا جس میں متحدہ اپوزیشن کے سینئر رہنمائوں نے شرکت کی اور مشترکہ اجلاس اور قانون سازی سے متعلق امور پر غور کیا گیا ۔ اپوزیشن سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتایاگیاکہ مشترکہ اجلاس بلانے کی باتیں اس بات کا بین ثبوت ہے کہ حکومت کی نیت کالی ہے۔پارلیمنٹ نے مشترکہ اجلاس بلانے پر متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین کی حاضری یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومتی سیاہ قانون سازی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
متحدہ اپوزیشن نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی کو خط بھی لکھ دیا لیکن حکومت کی طرف سے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ مشاورت کا زبانی جمع خرچ کرنے کے علاوہ حکومت کی طرف سے عملاًاب تک کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے مسلسل اجلاس ہورہے ہیں، چھٹی کے دن بھی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہو۔ متحدہ اپوزیشن نے بتایاکہ قومی مفاد میں اپوزیشن کا رویہ مثبت جبکہ حکومت کا بدنیتی پر مبنی اور منفی ہے۔
انہوںنے کہاکہ حکومتی منفی رویہ ملک کو انارکی ، افراتفری اور انتشار کی طرف لیجارہا ہے۔ اپوزیشن نے موقف اختیار کیاکہ قومی سلامتی ، انتخابی اصلاحات، افغانستان ، جموں وکشمیر، فاٹف ہر معاملے پر اپوزیشن نے ذمہ داری ، سنجیدگی اور قومی مفاد میں کردار نبھایا۔ متحدہ اپوزیشن نے کہاکہ حکومتی ڈرامہ بازیاں بتارہی ہیں کہ عمران نیازی حکومت عوامی وقومی امور میں سنجیدہ اور مخلص نہیں ۔
متحدہ اپوزیشن نے بتایاکہ اپوزیشن کے علاوہ اب حکومتی ارکان اور اتحادی بھی عمران نیازی کی ضد، ہٹ دھرمی اور انا پرستی پر نالاں ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے کہاکہ پاکستان کا پورا نظام ایک شخص کی ضد اورانا کی بھینٹ چڑھا یا جارہا ہے جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن سٹیئرنگ کمیٹی نے کہاکہ اپوزیشن ہی نہیں، حکومتی اراکین تحادیوں کا بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں