روزگار کے مواقع بڑھانا وزیر اعظم کا ویژن ہے، پنجاب میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی پلاننگ کر لی گئی ہے، میاں اسلم اقبال

لاہور(کامرس ڈیسک) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ انڈسٹریلائزیشن کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھانا وزیر اعظم کا ویژن ہے، عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت نے خصوصی اقتصادی زونز قائم کرکے وزیر اعظم کے ویژن کو حقیقت کا روپ دیا ہے،پنجاب کو ملکی او رغیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بنایا ہے جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سواتین سالوں میں پنجاب میں 300ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری آچکی ہے،دوبئی میں ہونے والی بین الاقوامی ایکسپو میں پنجاب حکومت کی بھرپور شرکت سے نئی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی پلاننگ کر لی گئی ہے،نئی انڈسٹریل سٹیٹس بننے سے پنجاب میں صنعتکاری اور معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،یہ امر اطمینان بخش ہے کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قابل ستائش اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزنس رجسٹریشن پورٹل کے قیام سے بزنس رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا گیا ہے، نیا سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے متعلقہ محکموں کو 90روز کے اندر این او سی کے اجرا کا پابند بنایا گیا ہے،سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں انویسٹر زہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ٰسردار عثمان بزدار دوبئی ایکسپو میں خصوصی پورٹل پنجاب ایز کا افتتاح کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں