ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فیصلہ کن معرکہ، پاکستان اور آسٹریلیا آج جان لڑائیں گے

لاہور: (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا دبئی میں دوبدو ہوں گے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان اور آسٹریلیا آج میدان سجائیں گے، زور کے جوڑ پر سب کی نظریں لگی ہیں، ناقابل شکست قومی شاہینوں کا فتوحات سے مورال ہائی ہے۔

کوچنگ اسٹاف کی زیر نگرانی قومی کھلاڑیوں نے گذشتہ روز خوب پریکٹس کی جس کے دوران بیٹنگ، بولنگ میں مزید نکھار لائے۔ فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی فاتحانہ موڈ والا پلان شیئر کر دیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بابر الیون کو دبنگ انداز میں اِن ایکشن ہونے کا مشورہ دے دیا۔ گرین شرٹس پر 11 سال پہلے مائیک ہسی کے چھکوں بھری شکست کے بدلے کا جنون بھی سوار ہے۔ اس فارمیٹ کے تمام انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے جبکہ ٹیم پاکستان نے 23 میں 12 میچ جیتےاور اسے 9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب آسٹریلینز نے بھی تیاریاں مکمل کر لیں، جیت کا عز م ظاہر کر دیا۔ آج کے تگڑے مقابلے کیلئے جہاں کھلاڑی پرعزم ہیں وہیں دونوں ممالک کے شائقین بھی پرجوش ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں