رمیز راجہ کا قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اظہاراطمینان

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو اپنے بیان میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اب تک ٹی 20 ورلڈ کپ میں کارکردگی شاندار رہی ہے،قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی کارکردگی سے غیر مستقل مزاجی کے ٹیگ کو ختم کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابراعظم کی قیادت، کھلاڑیوں کی خود اعتمادی اور میدان میں عاجزی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل دیکھا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان نے شاندار ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ نیوزی لینڈ کواچھی حکمت عملی سے مات دی اور افغانستان کے خلاف بہترین اسپنرز سے نبرد آزما ہوکر کامیابی سمیٹی۔
رمیزراجہ نے کہا کہ جیت اور ہار انسان کے ہاتھ میں نہیں مگر ناک آؤٹ مرحلے میں جانے سے قبل ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔ قومی ٹیم کو چاہئے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اورپوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو کچھ نیا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ بہت اچھے انداز سے ٹیم کی قیادت کررہے ہیں،کوئی بھی کھلاڑی شکست کے خوف سے نہیں ڈر رہا اور اسی برانڈ کی کرکٹ ہمیں کھیلنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں