امریکی ڈالر کی قدر میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہونے لگا

لاہور: (کامرس ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قدر میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہونے لگا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست بڑھوتری دیکھی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں یکدم بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ امریکی کرنسی کی قدر ایک روپیہ 30 پیسے مہنگی ہو گئی اور قیمت 171 روپے 63 پیسے سے بڑھ کر 172 روپے 93 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں تاخیر سے ڈالر دوبارہ بڑھنا شروع ہوا ہے، ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال بھی روپے پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔ خام تیل کی قیمتیں بڑھنے سے بھی درآمدی بل بڑھے گا جس کے اثرات روپے پر دباؤ بڑھائیں گے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 229.97 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 46629.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.5 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کروڑ 40 لاکھ 42 ہزار 266 شیئرز کا لین دین ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں