ایڈووکیٹ ابوذرسلمان نیازی کی شعیب اختر کا کیس لڑنے کی تصدیق

لاہور:(نیوز ڈیسک) ایڈووکیٹ ابوذرسلمان خان نیازی نے شعیب اختر کا کیس لڑنے کی تصدیق کردی ہے۔سرکاری ٹی وی کی جانب سے سابق فاسٹ باؤلرشعیب اختر کو نوٹس بھیجنے کے معاملے پر ایڈووکیٹ ابوذرسلمان خان نیازی نے کیس لڑنے کی تصدیق کردی جبکہ شعیب اختر کے وکلا نے سرکاری ٹی وی کے نوٹس کا جواب دینے کی تیاری شروع کردی ہے۔

ابوذرسلمان خان نیازی کی زیر سربراہی لیگل ٹیم نے کیس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جبکہ لیگل ٹیم نے سرکاری ٹی وی اور شعیب اختر کے درمیان ہونے والے معاہدے کی دستیاوایزت کا جائزہ لیا ہے۔

لیگل ٹیم نے شعیب اختر کو بھجوائے گئے نوٹس کی قانونی حیثیت کا جائزہ بھی لیا جبکہ وکلا رواں ہفتے سرکاری ٹی وی کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کا جواب دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی وی انتظامیہ نے شعیب اختر کو10کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

شعیب اختر کو کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر ہرجانہ کا نوٹس بھیجا گیا، کنٹریکٹ کے مطابق شعیب اختر استعفیٰ کی صورت میں 3 ماہ کی تنخواہ ادا کرینگے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شعیب اختر کنٹریکٹ کے مطابق کسی اور ٹی وی پروگرام میں شریک نہیں ہوسکتے تھے، شعیب اختر کے استعفیٰ کیوجہ سے پی ٹی وی کو نقصان ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر نے پی ٹی وی کی جانب سے ہرجانے کے نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میری عزت اور شہرت کی حفاظت میں ناکامی کے بعد پی ٹی وی نے ریکوری نوٹس بھیج دیا، پی ٹی وی کے رویہ سے شدید مایوسی ہوئی ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں فائٹر ہوں،ہاتھ کھڑے نہیں کرونگا ،قانونی لڑائی لڑونگا، میرے وکیل سلمان خان نیازی اس معاملہ کو قانون کے مطابق لیکر چلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں