ٹی 20 ورلڈکپ: شعیب ملک کو سپورٹ کرنے پر بھارتی شائقین ثانیہ مرزا پر برس پڑے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور معروف بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو بھارتی انتہا پسندوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا شوہر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے کیلئے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کیخلاف میچ کے دوران سٹیڈیم میں موجود تھیں۔

اس میچ میں قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر نے پاکستان کی طرف سے تیز ترین ففٹی بنائی انہوں نے محض 18 گیندوں پر 54 رنزکی طوفانی اننگز کھیلی۔

بھارتی ٹینس سٹار کی طرف سے شوہر کو سپورٹ کرنے پر بھارتی شائقین نے ٹیم کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا غصہ پاکستانیوں کی بھابھی پر نکال دیا اور انہیں دل سے پاکستانی ہونے کا طعنہ دیا۔

ثانیہ مرزا کی جانب سے اپنے شوہر شعیب ملک کو داد دینے پر انتہا پسند آپے سے باہر ہوگئے اور ٹینس سٹار کو پاکستان جانے کا مشورہ دینے لگے۔

بھارتی میڈیا نے بھی ثانیہ کے اپنے شوہر کیلئے تالیاں بجانے کو خبروں کی زینت بنایا۔ بھارتی انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا کے دل میں پاکستان بستا ہے، ٹینس سٹار کا بھارت سے لگاؤ صرف پیسے کی حد تک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں