پاک فوج کے زیر اہتمام پیسز چیمپئن شپ اختتام پذیر

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاک فوج کے زیر اہتمام لاہور میں جاری پیسز چیمپئن شپ اختتام پذیرہوگئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پیسز مقابلوں کی اختتامی تقریب ایوب سٹیڈیم لاہور میں ہوئی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چھ ممالک کے 101 ملٹری کھلاڑیوں نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی 9 ٹیموں نے پیسز مقابلوں میں حصہ لیا ،انٹرنیشنل ٹیم کیٹیگری میں سری لنکا نے گولڈ میڈل حاصل کیا، یو اے ای اور ازبکستان نے مشترکہ طور پر سلور میڈل حاصل کیا جبکہ کانسی کا تمغہ فلسطین،اردن اور عراق نے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔

ڈومیسٹک کیٹیگری میں دفاعی چیمپئن انجینئرز رجمنٹل سینٹر ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کئے ،چاندی کا تمغہ ملتان کور جبکہ کانسی کا تمغہ بلوچ رجمنٹل سینٹر نے حاصل کیا۔

انفرادی کیٹگری پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے نام رہی،یو اے ای کے وارنٹ آفیسر مبارک نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، انجینئرز سینٹر کے سیپر احمد رضا نے بھی گولڈ میڈل جیتا، دونوں کھلاڑیوں نے 3.2 کلومیٹر دوڑ میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، پش اپس میں سری لنکا کے کارپورل اوبیسیری نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ انجینئرز سنٹر کے سیپر عرفان نے بھی پش اپس گولڈ میڈل حاصل کیا،

آئی ایس پی آر کے مطابق لڑاکا مہارتوں کے مقابلوں میں سری لنکن کارپورل راجہ کارونا نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، ملتان کور کے نائیک اعجاز نے بھی لڑاکا مہارتوں کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، “فٹسٹ آف دی فٹسٹ” کیٹیگری میں سری لنکن کارپورل ڈسانائیکا نے سونے کا تمغہ جیتا، انجینئرز سینٹر کے سیپر امجد نے بھی “فٹسٹ آف دی فٹسٹ” کیٹگری میں گولڈ میڈل جیتا۔

مہمان خصوصی نے جیتنے والی ٹیموں، کھلاڑیوں کو انعامات سے نواز، کمانڈر لاہور نے جسمانی چستی، برداشت اور جذبے بہترین مظاہرہ پر مبارکباد دی، مہمان خصوصی نے پاک آرمی کی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا جبکہ کور کمانڈر لاہور نے پاک فوج کے کھلاڑیوں کی جسمانی چستی، معیار کی تعریف کی۔

مہمان خصوصی نے بین الاقوامی ٹیموں کی کارکردگی، پرجوش شرکت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تیسرے بین الاقوامی پیسز مقابلوں کی کامیاب تکمیل پرامن پاکستان کی عکاس ہے، پاکستان پرامن قوم، کھیلوں کے لیے انتہائی محفوظ ملک ہے جبکہ انہوں نے تقریب کی کامیابی میں منتظمین، عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں