کرپٹ وزیراعظم کا یوم حساب قریب آچکا، عوام پی ڈی ایم کے شانہ بشانہ باہر نکلیں، نوازشریف

کرپٹ شخص کی نشانی ہےاس کو اپنے دائیں بائیں کرپٹ نظر نہیں آتے، وزیراعظم خود کرپٹ ترین شخص ہے جو دوسروں کے ٹکڑوں پر پلتا اور گھریلو اخراجات کیلئے دوسروں سے پیسے بٹورتا ہے۔ قائد مسلم لیگ(ن)کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کرپٹ شخص کی نشانی ہے اس کو اپنے دائیں بائیں کرپٹ نظر نہیں آتے، وزیراعظم خود کرپٹ ترین شخص ہے جو دوسروں کے ٹکڑوں پر پلتا ہے اور گھر کے اخراجات چلانے کیلئے دوسروں سے پیسے بٹورتا ہے، پھر الزام دوسروں پر لگا دیتا ہے، اس کا یوم حساب قریب آچکا ہے ، پاکستان کی خاطرحساب لے کر رہیں گے۔
انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مہنگائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی والا معاملہ اب حد سے بھی آگے نکل چکا ہے، پھر دیکھیں رات کے اندھیرے میں ڈاکے مار رہے ہیں، پٹرول اور تیل کی قیمتیں رات کے اندھیرے میں بڑھائی ہیں،اب بتائیں رات کے اندھیرے میں تو ڈاکے پڑتے ہیں، یہ عوام کی جیبوں پر بہت بڑا ڈاکہ مارا گیا ہے، صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے، کہتے ہیں کہ پاکستان تباہی کے دہانے کھڑا ہے، اب تواللہ رحم کرے پاکستان گڑھے میں گر چکا ہے، تبدیلی کے نام پر ووٹ ، ووٹ بھی ان کو کہاں ملا؟ان کو حکومت دلائی گئی، اس کیلئے آرٹی ایس بند کرنا پڑا ، کیا تبدیلی اس کا نام تھا؟ آج چینی اور پٹرول کی دوڑ لگی ہوئی ہے کہ کون آگے بڑھے گا؟ 140روپے کا پٹرول ہے اور 145روپے کی فی کلو چینی ہے۔

سمجھ نہیں آتی لوگ کس کے پاس پوچھنے کیلئے جائیں؟ کہ ہمارے اوپر اتنا بڑا پٹرول اور بجلی کا بم کیوں گرایا گیا؟لوگوں کے پاس بجلی کا بل ادا کرنے کیلئے پیسے نہیں ہیں، لوگوں کے پاس سکول کی فیس کے پیسے نہیں ہیں، گھی ،گندم ، آٹا بنیادی ضرورت ہے یہ اتنا مہنگا ہوگیا ہے۔پی ڈی ایم بھی موجود ہے، شہبازشریف اور مریم نواز عوام کے شانہ بشانہ نکلیں گے، آئیں اپنے بچوں کے مستقبل کو بچائیں۔
بچوں کو روٹی نہیں ملتی، سکول نہیں جاسکتے، کھانا نہیں کھا سکتے، پھر کب تک خاموشی سے ظلم سہتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑے کرپٹ شخص کی نشانی ہے کہ اس کو اپنے دائیں بائیں کرپٹ اور بدنام زمانہ لوگ نظر نہیں آتے بلکہ دوسروں پر انگلیاں اٹھاتا ہے، میرا خیال ہے وزیراعظم خود کرپٹ ترین شخص ہے جو دوسروں کے ٹکڑوں پر پلتا ہے، جو گھر کے اخراجات چلانے کیلئے دوسروں سے پیسے بٹورتا ہے، پھر الزام دوسروں پر لگا دیتا ہے، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اس کا یوم حساب آچکا ہے اور ہم حساب لے کر رہیں گے، ہم سب کچھ سہہ لیا ہے لیکن ہم اپنی ذات کیلئے نہیں پاکستان کیلئے حساب لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں