ڈالر کا انخلاء رک نہ سکا، ملکی زرمبادلہ ذخائر مزید کم ہو گئے

29 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر مجموعی زرمبادلہ ذخائر 23 ارب 92 کروڑ ڈالرز کی سطح تک گر گئے

لاہور (نیوز ڈیسک) ڈالر کا انخلاء رک نہ سکا، ملکی زرمبادلہ ذخائر مزید کم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں تو اضافہ ہوا، لیکن مجموعی ذخائر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 29 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر مجموعی زرمبادلہ ذخائر 23 ارب 92 کروڑ ڈالرز کی سطح تک گر گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 5 کروڑ ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 17 ارب 14 کروڑ ڈالرز ڈالرز سے بڑھ کر 17 ارب 19 کروڑ ڈالرز سے زائد ہو گئے۔ جبکہ 29 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 6 کروڑ ڈالرز کی کمی ہوئی اور بینکوں کے ذخائر 6 ارب 72 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آگئے۔

ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والے معاشی پیکج کے باعث زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے۔ دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر اور پاکستانی روپیہ دونوں کرنسیوں کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قیمت گزشتہ روز کی سطح پر برقرار رہی، تاہماوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر50پیسے کے اضافے سے 170.70روپے سے بڑھ کر171.20روپے اور قیمت فروخت171.20روپے سے بڑھ کر171.70روپے پر جا پہنچی ۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق 50پیسے کے اضافے سے یورو کی قیمت خرید 195.50روپے سے بڑھ کر196روپے اور قیمت فروخت197.50روپے سے بڑھ کر198روپے ہو گئی۔ جبکہ 2روپے کی نمایاں کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 231روپے سے گھٹ کر229روپے اور قیمت فروخت233.30روپے سے گھٹ کر231.30روپے پر آ گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں