کراچی کے نجی اسکول میں خواتین کے باتھ روم سے خفیہ کیمرے برآمد

خفیہ کیمروں کے ذریعے خواتین کی ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔ محکمہ تعلیم سندھ حکام نے تصدیق کر دی

کراچی (نیوز ڈیسک) : کراچی کے نجی اسکول میں خواتین کے باتھ روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف ہوا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے محکمہ تعلیم سندھ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر قائد کے ایک نجی اسکول کے واش روم میں تدریسی عملے کے لیے خفیہ کیمروں کا انکشاف ہونے کے بعد اسکول کی انتظامیہ کو شوکاز نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔
سندھ کے محکمہ تعلیم کے حکام نے بھی اس حوالے سے تصدیق کی اور بتایا کہ ان خفیہ کیمروں کی مدد سے نجی اسکول کی خواتین کی ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔ خفیہ کیمروں کے انکشاف کے بعد متعدد خواتین نے محکمہ تعلیم کو اپنی شکایات درج کروائیں۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم سندھ کی ایک ٹیم نے مذکورہ اسکول کا دورہ کیا اور خواتین کے باتھ روم میں کیمروں کی جگہ کا جائزہ لیا۔

اس دورے کے دوران محکمہ تعلیم سندھ کی ٹیم نے خفیہ کیمرے برآمد کیے۔ بعد ازاں ویجی لینس ٹیم نے کیمروں کی برآمدگی کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر کے محکمہ سندھ کو ارسال کر دی ہے۔ خیال رہے کہ خواتین کی ویڈیوز بنانے کے لیے مختلف جگہوں پر خفیہ کیمرے نصب کیے جانے کی اس سے قبل بھی کئی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔ قبل ازیں مختلف شہروں میں گیسٹ ہاؤسز میں خفیہ کیمروں سے ویڈیوز بنانے کا انکشاف ہوا تھا۔
جس پر سینئیر صحافی رانا عظیم نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسلام آباد واقعہ کا نوٹس لیا تو انہیں ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ گیسٹ ہاؤسز میں خفیہ کیمروں سے لوگوں کی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں۔ جبکہ رواں برس ستمبر میں ایف آئی اے سائبرکرائم نے خاتون کے باتھ روم میں خفیہ کیمرے لگا کر ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے سائبرکرائم نے دو کارروائیاں کیں جس کے دوران خاتون کے باتھ روم میں خفیہ کیمرے لگا کر ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ، جبکہ حیدرآباد میں لڑکی کے باتھ روم میں کیمرے لگا کر ویڈیو بنائی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم لڑکی کو ویڈیوسے بلیک میل کررہا تھا جبکہ ملزم نے جعلی آئی ڈی بنا کر ویڈیوز بھی وائرل کی تھیں ، ملزم حمزہ کے قبضے سے موبائل اور ویڈیوز کاریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کے حوالے سے ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ایک اورکارروائی میں خاتون کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ خاتون نے اپنی رشتہ دار لڑکی کی ویڈیووائرل کی تھی، متاثرہ لڑکی کے بہنوئی نے اس سے زیادتی کرنے کی کوشش کی اور اسی کوشش کے وقت ویڈیو بنائی اور نند نے متاثرہ لڑکی کی ان ویڈیوز وائرل کرکے لڑکی کو خاندان میں بدنام کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں