سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انتقال کر گئے

خواجہ محمد شریف علالت کے باعث نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے

لاہور (نیوز ڈیسک) سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انتقال کر گئے، خواجہ محمد شریف علالت کے باعث نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس طویل علالت کے بعد جمعہ کے روز لاہور میں انتقال کر گئے۔ بتایا گیا ہے کہ خواجہ محمد شریف گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل علالت کے باعث لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں جمعہ کے روز ان کا انتقال ہو گیا۔

خواجہ محمد شریف وکلاء کی تحریک کی بنا پر 16 مارچ 2009ء کو ان ججوں کے ہمراہ اپنے عہدے پر بحال ہوئے تھے جن کو 3 نومبر 2007ء کو پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ عہدے پر بحالی کے کچھ روز بعد ہی انہیں لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں خواجہ محمد شریف 9 دسمبر 2010ء کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ شریف نے 1971ء میں وکالت شروع کی تھی اور وہ 2 مرتبہ لاہور کی ضلعی بار کے صدر منتخب ہونے میں کامیاب رہے تھے۔ ہائی کورٹ کے جج بننے سے قبل وہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے عہدے بھی فائز رہے تھے۔ جبکہ لگ بھگ 13 برس تک ہائیکورٹ کا جج رہنے کے بعد 2010 میں انہوں نے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں