چینی کی قیمت کو نیچے لانے کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا

شوگر ملز سے نکلنے والی چینی کی ایکس مل قیمت 85 روپے ہو گی جب کہ صارف کو چینی 90 روپے کلو میں فروخت بنائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور (نیوز ڈیسک) : پنجاب حکومت نے چینی کی قیمت کو نیچے لانے کے لئے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ شوگر ملز سے نکلنے والی چینی کی ایکس مل قیمت 85 روپے ہو گی جب کہ صارف کو چینی 90 روپے کلو میں فروخت بنائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق چینی کے اسٹاکس کی مانیٹرنگ کے لیے تمام شوگر ملز میں سرکاری اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن کا تعلق محکمہ ریونیو، خوراک اور پولیس سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد شوگر ملز سے نکلنے والی سپلائز کو مانیٹر کرنا ہے۔ سرکاری اہلکار شوگر ملز سے نکلنے والی چینی کا مکمل حساب رکھیں گے۔ قبل ازیں پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا تھا جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں کارروائیاں بھی کی گئیں۔

چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی کے لیے پنجاب حکومت حرکت میں آ گئی ہے، صوبے بھر میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے۔

چینی کی ذخیرہ اندوزی روکنے اور مقررہ قیمت پر چینی کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، سرگودھا،ساہیوال، فیصل آباد، رحیم یار خان میں کارروائیاں کی گئیں ، اس دوران سرگودھا اورفیصل آباد میں 2 شوگر ملیں سیل کردی گئیں جبکہ مختلف شہروں میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی چینی برآمد بھی کی گئی۔
لاہور میں 100 تھیلے اور سرگودھا میں 480 تھیلے چینی برآمد کی گئی جبکہ رحیم یار خان میں 6757 میٹرک ٹن چینی سرکاری تحویل میں لی گئی ۔ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ خوراک اورپولیس کی ٹیموں کے ہمراہ چھاپے بھی مارے جس کے نتیجے میں تحویل میں لی گئی چینی کوکنٹرول ریٹ پر مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلاتفریق جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں