امریکا کی سعودی عرب کو ائیر ڈیفنس سسٹم کی فروخت کی منظوری

سعودی عرب اے آئی ایم 120سی میزائلوں سے ڈرون حملوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ،محکمہ خارجہ

واشنگٹن(انٹرنیشل ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے امریکا نے سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میںمحکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکا نے 26 اکتوبر کو مجوزہ معاہدے کی منظوری دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی فروخت کا فیصلہ گذشتہ سال کے دوران سعودی عرب پر سرحد پار سے حملوں میں اضافے کے بعد کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اے آئی ایم 120سی میزائلوں سے ڈرون حملوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جس سے امریکی افواج کو خطرہ لاحق ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں موجود 70,000 سے زیادہ امریکی شہریوں کو بھی اس نظام سے تحفظ ملے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ میزائل معاہدہ “یمن میں تنازعہ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کو مضبوط بنانے کی خاطر انتظامیہ کے عزم سے پوری طرح مطابقت رکھتا ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سعودی عرب کے پاس ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے فضائی حملوں کے خلاف اپنے دفاع کے لیے وسائل موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں