سدھو نے پنجاب کانگریس کے سربراہ کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا

ریاستی سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتا رہوں گا،سابق کرکٹر کی میڈیا سے بات چیت

چندی گڑھ (انٹربیشبل ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے پنجاب کانگریس کے سربراہ کی حیثیت سے اپنا استعفی واپس لے لیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نوجوت سنگھ سدھوکا کہنا تھا کہ ریاستی سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتا رہوں گا، استعفی واپس لینے کا اعلان انہوں نے چندی گڑھ میں میڈیا کے سامنے کیا۔

یاد رہے نوجوت سنگھ سدھو نے 28 ستمبر کو اپنا استعفی کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو بھجوایا تھا، نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو بھیجے گئے اپنے استعفی میں لکھا تھا کہ ایک انسان کے کردار کا زوال سمجھوتے سے شروع ہوتا ہے۔ میں پنجاب کے مستقبل اور بھلائی کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔استعفی میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے میں، میں پنجاب کانگریس صدر کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں۔ میں کانگریس کے لئے کام کرتا رہوں گا۔یاد رہے ایک ماہ قبل بھارت میں کسانوں کے پر امن احتجاج میں 8 افراد ہلاک کرنے پر احتجاج کے دوران نوجوت سنگھ سدھو، پریانکا گاندھی سمیت متعدد رہنماوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں