کراچی ؛ 20 کروڑ روپے سمیت کیش وین لے کر فرار ہونے کی واردات کا مرکزی ملزم گرفتار

ملزم حسین شاہ 9 اگست کو کیش وین لے کر فرارہوا تھا ، واردات میں مجموعی طور پر 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے

کراچی ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے 20 کروڑ روپے سمیت کیش وین لے کر فرار ہونے کی واردات کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے آئی آئی چندریگرروڈ پر 20 کروڑ سے زائد کی واردات کے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتارکیا ہے ، ملزم حسین شاہ 9 اگست کو کیش وین لے کر فرارہوا تھا ، واردات میں مجموعی طور پر 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے ، گرفتار کیا گیا مرکزی ملزم کیش وین کی حفاظت پر مامور سکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے ، گرفتار ملزم کے قبضے سے فوری طور پر رقم برآمد نہیں ہوئی تاہم پولیس نے ملزم سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سکیورٹی کمپنی کی وین کا ڈرائیور20 کروڑ روپے لے کر فرارہوگیا تھا ، یہ واردات 9 اگست کو صبح ساڑھے 9 بجے پیش آئی جس کا مقدمہ میٹھا در تھانے میں درج کیا گیا ، شہر قائد میں نجی سکیورٹی کمپنی کی وین طارق روڈ سے بینک کی رقم ڈیلیورکرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن آئی آئی چندریگرروڈ پرگارڈز کچھ رقم لے کرنیچے اترے تو ڈرائیور وین لے کرفرارہو گیا ، وین میں 20 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی ، ڈرائیور نے وین مسکین گلی میں چھوڑدی اور رقم لے کر بھاگ گیا تھا ۔

بعد ازاں کراچی میں سکیورٹی کمپنی کے وین ڈرائیور کی جانب سے 20 کروڑ روپے لیکر فرار ہونے کے واقعے سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ، جن میں کراچی کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے چوری کے واقعے میں ملوث ملزم ڈرائیور کے پولیس تصدیقی سرٹیفکیٹ پر تھانیدار کے جعلی دستخط کا انکشاف ہوا ، تھانے کے افسر نے ایس ایچ او کی جگہ دستخط کرکے ملزم کو سرٹیفکیٹ دیا ، تھانہ گلستان جوہر سے جاری سرٹیفکیٹ کی جانچ پر سابق تھانیدار لاعلم نکلے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں