ملک بھر میں چینی کا بحران مزید بڑھنے کا خدشہ

گنے کا کرشنگ سیزن شروع کرنے پر پنجاب حکومت اور ملز مالکان میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد چینی کا بحران مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گنے کا کرشنگ سیزن شروع کرنے پر پنجاب حکومت اور ملز مالکان میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے اور جس کے باعث چینی کا بحران مزید بڑھنے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب میں پندرہ نومبر اور دیگر شوگر ملز کو بیس نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کی ہدایت تھی۔ شوگر ملزم ایسوسی ایشن حکومتی پلان کے مطابق کرشنگ شروع کرنے سے انکار کرتے کہا کہ 27 نومبر سے پہلے کرشنگ شروع نہیں کر سکتے۔ جس پر آج سیکریٹری خوراک نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو مذاکرات کے لیے بلا لیا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا اور حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت نے ملک بھر کے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے کلو جا پہنچی ہے۔ جبکہ پشاور، کوئٹہ اور سوات میں چینی کی فی کلو قیمت 150 روپے اور کراچی اور اسلام آباد میں ایک کلو چینی 145 روپے میں مل رہی ہے جب کہ لاہور میں ایک کلو چینی کی قیمت 140 روپے تک جا پہنچی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50کلو کا بیگ 720روپے اضافے کے ساتھ 7 ہزارروپے کا ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے 50کلوبیگ کی قیمت 6280 روپے تھی۔
چینی کا فی کلو ہول سیل ریٹ141 روپے ہے۔ ہول سیل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ملز مالکان چینی سپلائی نہیں کررہے۔ جبکہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کا ا سٹاک کم ہے اور قیمتوں میں کمی کرشنگ کے بعد ہی متوقع ہے۔ دوسری جانب مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ چینی کی صورتحال قابو میں ہے۔ آئندہ سال درآمد کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں