ایمازون کے مالک 2.9 ارب ڈالرز کا کیس ہار گئے

جیف بیزوس کی کمپنی “بلیو اوریجن” نے امریکی خلائی ادارے ناسا کیخلاف کیس دائر کیا تھا

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈ یسک) ایمازون کے مالک 2.9 ارب ڈالرز کا کیس ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص اور ایمازون کمپنی کے مالک جیف بیزوس کو بڑی قانونی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کی خبر کے مطابق جیف بیزوس کی کمپنی “بلیو اوریجن” نے امریکی خلائی ادارے ناسا کیخلاف 2.9 ارب ڈالرز کا کیس دائر کر رکھا تھا، اس سلسلے میں امریکی وفاقی عدالت نے ناسا کے حق میں اور جیف بیزوس کی کمپنی کیخلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔
جیف بیزوس نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فیصلہ غیر پسندیدہ قرار دیتے ہوئے اسے قبول کرنے کا اعلان کرنے کے علاوہ اور ناسا اور “اسپیس ایکس” کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

جبکہ عدالتی فیصلے پر “اسپیس ایکس” کے مالک ایلن مسک کی جانب سے بھی طنزیہ ٹوئٹ کر کے ردعمل دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی خلائی ادارے نے دنیا کے امیر ترین شخص، ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلن مسک کی کمپنی “اسپیس ایکس” کو چاند پر “ہیومن لینڈنگ سسٹم” کی تعمیر کیلئے 2.9 ارب ڈالرز کا ٹھیکہ دیا تھا۔
تاہم جیف بیزوس کی کمپنی “بلیو اوریجن” نے ناسا کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں کیس دائر کر دیا تھا۔ “بلیو اوریجن” کی جانب سے کیس دائر کرنے کی وجہ سے ناسا کا چاند کی سطح پر “ہیومن لینڈنگ سسٹم” کی تعمیر کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔ تاہم اب عدالت کی جانب سے “بلیو اوریجن” کیخلاف فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایلن مسک کی کی کمپنی “اسپیس ایکس” ناسا کی جانب سے دیے گئے ٹھیکے پر جلد باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں