ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی

ویسٹ انڈین ٹیم 13 سے 22 دسمبر کے دوران نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی

کراچی (سپورٹس ڈیسک ) ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم 13 سے 22 دسمبر کے دوران نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی ۔ ٹی ٹونٹی میچز 13، 14 اور 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے میچز 18 ، 20 اور 22 دسمبر کو ہوں گے ، مہمان ٹیم 23 دسمبر کو واپس روانہ ہوجائے گی ۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پرپہنچ گئی،اسٹیفنی ٹیلر کی قیادت میں ٹیم پیر کی صبح کراچی پہنچی، دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل ویمن سیریز کھیلی جائیگی،3میچز نیشنل اسٹیڈیم میں بالترتیب 8، 11 اور 14 نومبر کوکھیلے جائیں گے۔

مہمان سکواڈ میں انیسہ محمد(نائب کپتان)، عالیہ علینے، شامیلیہ کونیل، ڈینڈرا ڈوٹن، شنیتا گرمونڈ، شینلے ہنری، کیانہ جوزف، کیسیا نائٹ، کیشونا نائٹ، ہیلے میتھیوز ، چیڈن نیشن، شاکرہ سلیمان اور راشدہ ولیئیم شامل ہیں۔

شیری این فریسیر، شفیقہ غزنوی، اور کرشنا رام ہریک ریزرو کھلاڑی ہیں۔ مہمان ٹیم تین یوم مقامی ہوٹل میں آئسولیشن میں گزاریگی،4 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز ہوگا، مہمان ٹیم اگلے دو یوم 5 اور 6 نومبر کوکراچی جمخانہ میں پریکٹس کریگی۔7نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس ہوگی،سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کو 16 نومبر کو زمبابوے روانہ ہونا ہے جہاں وہ 21 نومبرتا 5 دسمبر آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں