آئی پی ایل بھارتی ٹیم کے زوال کا باعث بن سکتی ہے، عمران خان کی 9 سال پرانی پیشنگوئی کی ویڈیو وائرل

آئی پی ایل کو فروغ دینے پر بھارت کے اصرار سے دیگر کرکٹ بورڈز کیلئے خطرے کی گھنٹی بجنی چاہیئے کیونکہ یہ لیگ صرف پیسے کی وجہ سے ہوتی ہے: بیان

لاہور (سپورٹس ڈیسک) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کا انتہائی بدترین آغاز کیا تھا اور اسے روایتی حریفوں پاکستان اور نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے ابتدائی 2 مقابلوں میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سابق کرکٹرز سمیت ہندوستانی کرکٹ برادری ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہوئی اور ان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو ٹھہرایا۔
ہندوستانی کرکٹ ماہرین نے دعویٰ کیا کہ ہندوستانی ٹیم کی آئی پی ایل پر توجہ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل لیگ کے انعقاد پر اصرار ان کے نقصان کی وجہ ہے کیونکہ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار تھے اور ان میں سے بہت سے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی بجائے پیسوں کے لیے کھیلتے ہیں۔ سابق کرکٹر اور لیجنڈری ہندوستانی بلے باز سنیل گواسکر نے بھی کہا کہ آئی پی ایل ورلڈ کپ سے بڑا ٹورنامنٹ ہے کیونکہ اس میں زیادہ دلچسپ میچ ہوتے ہیں۔

شائقین کیلئے اس طرح کے دعوے کرنا ایک بات ہے لیکن سابق کرکٹرز کا ایسے حقائق بیان کرنا بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کے لیے صحت مند نہیں ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم اور 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان نے 2012ء میں موجودہ منظر نامے کی پیش گوئی کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے اس وقت کہا تھا کہ آئی پی ایل کو فروغ دینے پر ہندوستان کے اصرار سے بین الاقوامی کرکٹ بورڈز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجنی چاہیے کیونکہ یہ لیگ صرف پیسے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایل بالآخر ہندوستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے زوال کا باعث بن سکتا ہے ، انہوں نے بی سی سی آئی کو آئی پی ایل اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں