تاریخی سبسڈی پروگرام سے’’احساس راشن‘‘ کا اجراء کر دیا گیا، فواد چودھری

2 کروڑ خاندان آٹا، دالوں اور گھی، خوردنی تیل کی خریداری پر ماہانہ1000روپے سبسڈی ریلیف فراہم کیا جائے گا، سبسڈی پیکج سےغریب ومستحق افراد مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کا ٹویٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تاریخی سبسڈی پروگرام سے’’احساس راشن‘‘ کا اجراء کر دیا گیا، 2 کروڑ خاندان آٹا، دالوں اور گھی، خوردنی تیل کی خریداری پر ماہانہ1000روپے سبسڈی ریلیف فراہم کیا جائے گا، سبسڈی پیکج سےغریب ومستحق افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ غریب و مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تاریخی سبسڈی پروگرام “احساس راشن” کا اجراء کر دیا گیا ہے۔
جس کے ذریعے 2 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے جنہیں آٹا، دالوں اور گھی اور کھانے کے تیل کی خریداری پر ماہانہ سبسڈی کی مد میں 1000روپے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے آج سرکاری ٹی وی پر براہ راست قوم سے خطاب کرتے ہوئے سبسڈی پروگرام کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ضروری اشیا کی قیمتوں میں 50 اور پاکستان میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، ترکی میں مہنگائی 19 فیصد اور کرنسی 35 فیصد نیچے گری ہے۔

چین کی مہنگائی 26 سال میں سب سے زیادہ اوپر گئی ہے، جرمنی میں مہنگائی ہوئی، گیس پر آجائیں، امریکا اور یورپ میں گیس کی قیمتیں بڑھی ہیں، پاکستان میں تیل کی قیمت 33 اور عالمی سطح پر 100 فیصد بڑھی ہے، ہمسایہ ممالک کو دیکھ لیں، ہندوستان میں تیل کی قیمت اڑھائی سو، بنگلادیش 200 روپے، پاکستان 138روپے ہے، ہم نے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا لیوی کو کم کیا۔
حکومت نے اپنا پیٹ کاٹا اور لوگوں کو مہنگائی کے بوجھ سے بچایا۔ پاکستان دنیا میں پٹرول میں سستا ملک ہے، آج کہہ رہا ہوں ہمیں پٹرول کی قیمت تھوڑی سی بڑھانا پڑے گی، کیوں اگر قیمت نہ بڑھائی تو خسارہ مزید بڑھ جائے گا، امریکا، یورپ، جرمنی ترکی چین میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے، سردیوں کے بعد قیمتیں نیچے آجائیں گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دالیں، گھی، تیل ہمیں امپوررٹ کرنا پڑتا ہے،حکومت نے مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک پروگرام تیار کیا ہے، پیکج سے 2کروڑ خاندان مستفید ہوں گے، اس پیکج کا اثر 13کروڑ پاکستانیوں پر پڑے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں 120ارب کا پیکج دے رہی ہیں، گھی، آٹا اور دال پر30فیصد سبسڈی دے رہے ہیں،یہ سبسڈی اگلے 6مہینے کیلئے ہوگی تاکہ مشکل وقت نکل جائے، معاشی حالات بہتر ہونے پر اس پیکج میں توسیع کرسکتے ہیں،اس کے علاو ایک کروڑ20لاکھ خاندانوں کیلئے احساس کے 260ارب کے پروگرام چل رہے ہیں،کامیاب پاکستان کے اندر 1400ارب کی فنڈنگ رکھی ہے جو کبھی پاکستان کی تاریخ میں کمزورطبقات کیلئے نہیں رکھے گئے، یہ پروگرام سود کے بغیر 40 لاکھ خاندانوں کیلئے ہے۔
کسانوں کو 5 لاکھ تک بلاسود قرضے دیں گے، لوگوں کو کاروبار کیلئے بغیر سود قرضے دیے جائیں گے، خاندان میں ایک بندے کو ہنرمند بنانے کیلئے اسکلز پروگرام کے تحت ہنرسکھایا جائے گا، اسکالر شپ پروگرام کے ذریعے نچلے طبقات کے بچوں کو 60 لاکھ اسکالرشپ دے رہے ہیں، اس پر47 ارب خرچ کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں