وزیراعظم عمران خان نے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا صوابدیدی اختیار ختم کردیا

وزیراعظم اب کسی کو پلاٹ نہیں دے سکیں گے، وزیراعظم پیکج کے تحت بہت سے لوگوں نے دو دو پلاٹ لیے، بیوروکریسی میں پلاٹوں کی بندر بانٹ ہوتی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کی میڈیا بریفنگ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا صوابدیدی اختیار ختم کردیا ہے، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم اب کسی کو پلاٹ نہیں دے سکیں گے، وزیراعظم پیکج کے تحت بہت سے لوگوں نے دو دو پلاٹ لیے، بیوروکریسی میں پلاٹوں کی بندر بانٹ ہوتی ہے۔ انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس اور وزیراعظم عمران خان کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل قوم سے خطاب میں اہم فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم غریب طبقے کیلئے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کرینگے۔
عمران خان نے وزیراعظم پیکج ختم کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا صوابدیدی اختیار ختم کردیا ہے، وزیراعظم اب کسی کو پلاٹ نہیں دے سکیں گے، وزیراعظم پیکج کے تحت بہت سے لوگوں نے دو دو پلاٹ لیے، بیوروکریسی میں پلاٹوں کی بندر بانٹ ہوتی ہے، کابینہ نے تمام اداروں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر اظہار تشویش کیا، وزارت ہاؤسنگ اپنی عمارتوں کو آؤٹ سورس بھی کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر اعتماد میں لیا، انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو بریفنگ دی گئی، انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں سے حمایت مانگی گئی، اتحادیوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اصلاحات پر حکومت کے ساتھ ہیں، کابینہ اجلاس میں بھی انتخابی اصلاحات سے متعلق بات چیت کی گئی، موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں تیل خطے کے ممالک کے مقابلے میں سستا ہے، پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت138 روپے اور بھارت میں200 روپے سے زائد ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں فرق ہے، بنیادی اشیاء اب بھی پاکستان میں کم قیمت پر موجود ہیں، بلاول بھٹو سے کہتا ہوں مہنگائی کیخلاف وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کے سامنے جلوس نکالا کریں، پنجاب میں چینی 90 اور کراچی میں 120 روپے فی کلو ہے، سندھ حکومت سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی،سندھ میں گورننس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں