حکومتی اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کیلئے حمایت کی یقین دہانی

وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر اعتماد میں لیا، انتخابی اصلاحات کے بغیر شفاف الیکشن ممکن نہیں، اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق اورالیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرائی جائے گی، وزیراعظم سے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومتی اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کیلئے حمایت کی یقین دہانی کرا دی، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر اعتماد میں لیا، انتخابی اصلاحات کے بغیر شفاف الیکشن ممکن نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ اور اورسیزپاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس اور وزیراعظم عمران خان کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پنجاب اور سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں فرق ہے، بنیادی اشیاء اب بھی پاکستان میں کم قیمت پر موجود ہیں، بلاول بھٹو سے کہتا ہوں مہنگائی کیخلاف وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کے سامنے جلوس نکالا کریں، پنجاب میں چینی 90 اور کراچی میں 120 روپے فی کلو ہے، سندھ حکومت سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم پیکج ختم کردیا ہے، سندھ میں گورننس بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف بہت جد عوامی رابطہ مہم سے واپس آجائیں گے، شہبازشریف عوامی نہیں ایک سازشی آدمی ہیں، پتا نہیں شہبازشریف عوامی مہم پر کیوں نکل گئے ہیں، میرا خیال ہے شہبازشریف جلد واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر اعتماد میں لیا، انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو بریفنگ دی گئی، انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں سے حمایت مانگی گئی، اتحادیوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اصلاحات پر حکومت کے ساتھ ہیں، کابینہ اجلاس میں بھی انتخابی اصلاحات سے متعلق بات چیت کی گئی، انتخابی اصلاحات کے بغیر شفاف الیکشن ممکن نہیں، موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں تیل خطے کے ممالک کے مقابلے میں سستا ہے، پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت138 روپے اور بھارت میں200 روپے سے زائد ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اہم فیصلوں پر کل قوم کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم غریب طبقے کیلئے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں