لاہور میں خاتون کی گاڑی سے 100 کلو سے زائد منشیات برآمد

برآمد کی گئی منشیات میں 90 کلو گرام چرس اور 20 کلو افیون شامل ہے

لاہور (کرائم ڈیسک) : لاہور پولیس نے خاتون کی گاڑی سے 100 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ شاہدرہ میں پولیس نے کارروائی کرکے خاتون کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہونے پر ایک گاڑی کی تلاشی لی گئی جس میں سے 90 کلو گرام چرس اور 20 کلو افیون برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار فرین شرافت نامی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ منشیات فروشوں اور منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں جن میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں۔

ملک بھر میں دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ منشیات فروشی کا گھناؤنا جُرم بھی عروج پر ہے یہاں تک کہ تعلیمی اداروں میں بھی طلبا و طالبات منشیات کا استعمال کرتے ہیں جو والدین کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

گذشتہ ماہ شہر قائد سے گرفتار ایک منشیات فروش نے منشیات کی اسمگلنگ اور انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ کراچی میں سچل تھانے کی حدود سے گرفتار منشیات فروش عرفان نے اہم انکشافات کرتے ہوئے ویڈیو بیان دیا۔ منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزم عرفان نے بتایا کہ میں خادم گوٹھ کارہائشی ہوں اوررکشہ چلاتا ہوں، معمار گوٹھ میں منشیات فروش نے پیسے کا لالچ دے کر گروہ میں شامل کیا۔
ملزم عرفان نے بتایا کہ اس گروہ نےکوئٹہ پشین اورکراچی میں مکینک ملازم رکھے ہوئے ہیں، مجھے کوئٹہ سے کراچی آنے والے کاریں ڈی اسمبل کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، مجھے فی گاڑی ڈی اسمبل کرنے کے 25 ہزارروپے تک ملتے تھے۔ ملزم عرفان کا کہنا ہے کہ میں دو گھنٹے میں پوری گاڑی کھول کرواپس اسمبل کردیتا ہوں، کوئٹہ پشین سے خضدار تک ایک گاڑی تمام چوکیاں کراس کرواتی ہے، ملزم عرفان نے انکشاف کیا کہ اس گاڑی میں باقاعدہ ایک فیملی بھی ساتھ ہوتی ہے، گاڑیاں ناردرن بائی پاس کے گودام میں لائی جاتی ہیں۔
ملزم عرفان نے انکشاف کیا کہ گودام سے پہلے فیملی کو اُتار دیا جاتا ہے، جس کے بعد گودام میں لا کر اس گاڑی میں چھپائی گئی من چرس کو باہر نکالا جاتا ہے ۔ چرس نکالنے کے بعد منشیات کے پیکٹ لینے مختلف پارٹیاں آتی ہیں۔ خیال رہے کہ ہفتے کے روز پولیس کارروائی کے دوران کارسے ڈیڑھ کروڑمالیت کی7 من چرس برآمدکی تھی ، منشیات کوئٹہ سے کراچی تک مختلف کاروں میں کیسے اسمگل جاتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں