ایف آئی اے نے جعلی دستخط کرکے پونی3کروڑ ہڑپنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا

کراچی(کرائم ڈیسک) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای)نے کراچی میں ایک شخص کو مبینہ طور پر اپنے مالک کے جعلی دستخط کر کے کروڑوں روپے ہڑپ کر لینے والے ملازم کو گرفتار کر لیاہے۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق دھاگے کے کاروبار سے منسلک تاجر محمد عمران نے 16 جنوری 2020 کو تحریری شکایت جمع کرائی کہ اس کے اکائونٹنٹ سید عبدالحسیب نے جعلی دستخط کر کے اس کے اکائونٹ سے کروڑوں روپے اپنے کھاتے میں منتقل کیے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق اس نے اپنے اکائونٹنٹ کو رنگے ہاتھ پکڑا اور اس نے جعلی دستخط کر کی8 لاکھ روپے اپنے اکائونٹ میں منتقل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے لیکن جب اس نے اپنا بینک اسٹیٹمنٹ نکلوایا تو پتہ چلا کہ اس کے اکائونٹ سے 2 کروڑ 66 لاکھ روپے غائب ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق ملزم منظر عام سے غائب ہو چکا ہے، اسے گرفتار کر کے اس کی رقم برآمد کروائی جائے۔

ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی تو پتہ چلا کہ درخواست گزار کا آئی آئی چندیگر روڈ پر واقع ایک نجی بینک برانچ میں اکائونٹ ہے اور دستخط کی اتھارٹی بھی صرف درخواست گزار کی ہی ہے اور اسی اکائونٹ سے 2 کروڑ 66 لاکھ روپے ملزم کے اکائونٹ میں منتقل ہوئے۔دوران تحقیقات یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم نے نجی بینک انتظامیہ سے مل کر درخواست گزار کے بینک اکائونٹ میں رقم کی آمد اور منتقلی پر بینک کی جانب سے شروع کی جانے والی ایس ایم اسی سروس بند کروائی۔
درخواست گزار نے ملزم کو سال 2009 میں اسسٹنٹ اکائونٹنٹ بھرتی کیا تھا اور سال 2017 میں ملزم کو ترقی دے کر اکائونٹنٹ کے عہدے پر تعینات کرتے ہوئے کمپنی کے مالی معاملات ملزم کو سپرد کر دیے تھے،سال 2019 میں ملزم نے نجی بینک ملازمین علی سرفراز زیدی اور محمد انور کی مدد سے درخواست گزار کے نام پر اس کے اکائونٹ کی چیک بک نکلوائی۔ دوران تحقیقات نجی بینک سے حاصل ہونے والے ریکارڈ کے مطابق ملزم عبدالحسیب نے بینک ملازمین علی سرفراز زیدی، محمد انور، خرم عارف اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر درخواست گزار کے اکائونٹ سے جعلی دستخط کے ذریعے مذکورہ رقم نکلوائی۔
رقم ملزم سید عبدالحسیب، اس کی اہلیہ مدیحا اور قریبی رشتہ دار خرم عارف کے بینک اکائونٹس می منتقل کی گئی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق نجی بینک سے حاصل ہونے والے چیک، جن پر مشتبہ طور پر جعلی دستخط کر کے رقم نکلوائی گئی، کو فرانزک معائنے کے لیے اسلام آباد بھیجا گیا اور ایکسپرٹ رائے کے مطابق بھیجے گئے 54 چیک پر درخواست گزار کے نہیں بلکہ جعلی دستخط پائے گئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم سید عبدالحسیب کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور باقی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں