وفاق کے تمام تھانوں کی براہ راست نگرانی کے لئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم نصب کر دیا گیا

آئی جی اسلام آباد کی ڈیجیٹل کنٹرول روم سے تھانوں میں موجود سائلین کے ساتھ براہ راست بات چیت ،سائلین سے پولیس کے برتائو اور انکے کام بارے آگاہی حاصل کی

اسلام آباد(کرائم ڈیسک) وفاق کے تمام تھانوں کی براہ راست نگرانی کے لئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم نصب کر دیا گیا ،آئی جی اسلام آباد نے ڈیجیٹل کنٹرول روم سے تھانوں میں موجود سائلین کے ساتھ براہ راست بات چیت کی ،سائلین سے پولیس کے برتائو اور ان کے کام کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں تھانوں کی براہ راست نگرانی کے لئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم نصب کر دیاگیا، ڈیجیٹل کنٹرول روم سے تھانہ جات میں سائلین سے براہ راست بات ہو سکے گی،یہ سہولت آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کے دفاتر میں بھی موجود ہو گی ،آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ڈیجیٹل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور تھانوں میں موجود سائلین کے ساتھ براہ راست بات کی ،انھوں نے سائلین سے پولیس کے برتا? ان کے کام کے بارے میں پو چھا ،اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کو ثر ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن عطائ الرحمان، ایس ایس پی آپریشنز سید علی اکبر شاہ اور زونل ایس پیز بھی موجود تھے ،تھانہ جات میں ایس ایچ اوز ،محرروں کے دفاتر اور فرنٹ ڈیسک اور پولیس گائیڈز کی یونیفارم پرجدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں،آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز کسی بھی وقت تھانوں میں موجودسسٹم کے ذریعے سائلین سے ان کے مسائل کے بارے میں براہ راست بات کر سکیں گے ، انھوں نے اے آئی جی آپریشنز کو بھی ہدایات جاری کیں کہ روزانہ کی بنیاد پر جدید سسٹم کے ذریعے ایک گھنٹہ براہ راست سائلین سے گفتگو کی جائے اور مسائل سن کر ان کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں جدید سسٹم کے ذریعے سائلین سے کی گئی گفتگو کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے ،میں خود اورڈی آئی جی آپریشنز بھی وقتاً فوقتاًتھانوں میں سائلین سے براہ راست بات کرتے رہیں گے، مستقبل میں اس سہولت کو زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز کے دفاتر تک منتقل کیا جائے گا، انھوں نے مزید کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کا مقصد سینئر افسران کا تھانوں میں تعینات ماتحت افسران کے عوام کے ساتھ رویے کی جانچ بڑتال کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہترین پولیسنگ مہیا کرنا ہے، اس اقدام سے شہریوں کو افسران کے دفاتر نہیں جانا پڑے گا، اس عمل سے ناصرف شہریوں کے ساتھ پولیس کا رویے بہتر ہوگا بلکہ محکمہ کی نیک نامی کو بھی تقویت ملے گی ،اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کوشہریوں نے بھرپور سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں