ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی

نممبیا کو 45 رنز سے شکست، بابر اور رضوان کی نصف سنچریاں، بائولرز کی کفایتی بائولنگ

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک ) ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو نمیبیا کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان کو بڑے شاٹس کھیلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
10 اوورز کے بعد دونوں بلے بازوں نے 2 اوورز میں ایک رن دینے والے ٹرمپل مین کے تیسرے اوور میں 18رنز بٹورے۔پاکستانی اوپنرز نے ایک اور مرتبہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم 113 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد بابر اعظم پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔

فخر زمان کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وکٹوں کے عقب میں زین گرین نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین رخصت کردیا۔ دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان نے بھی اپنی نصف مکمل کر لی جو ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری ففٹی ہے۔ پاکستان نے اننگز کے آخری اوور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 24 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔پاکستان نے آخری 4 اوورز میں 62 اور آخری 10 اوورز میں 130رنز بنائے۔ نمیبیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے حریف ٹیم کے اوپنر مائیکل وین لنگن کو چلتا کردیا۔اسٹیفن بارڈ اور کریگ ولیمز نے 47 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وکٹوں میں غلط فہمی کے نتیجے میں بارڈ سے 29 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔
ایراسمس کی اننگز عماد کی گیند پر اختتام کو پہنچی۔سکور 93 تک پہنچا تو شاداب خان نے کریگ ولیمز کو آؤٹ کر کے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کر لی جبکہ جے جے اسمٹس بھی صرف دو رنز بنا سکے۔ ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ بھی نمیبیا کو شکست سے نہ بچا سکی، ویزے نے 31 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ نمیبیا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے اور پاکستان نے میچ میں 45 رنز سے فتح حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔اس سے قبل نمیبیا کے کپتان جیرہارڈ ایراسمس نے بابراعظم کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ تینوں میچ جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جبکہ نمیبیا نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اب تک ایونٹ میں اپنے تینوں میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور آج کے میچ میں فتح پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنا دے گی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان پر مشتمل ہے جب کہ نمیبیا کی ٹیم میں جیرہارڈ ایراسمس (کپتان)، زین گرین، کریگ ولیمز، ڈیوڈ ویزے، مائیکل وین لینگین، جے جے اسمٹ، جین فریلنک، اسٹیفن بارڈ، جین نیکول لوفٹی ایٹون، روبن ٹرمپیل مین، بین شکنگو شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں