سال میں زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں: رضوان نے ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا

ورلڈ ٹی ٹونٹی میں نمیبیا کیخلاف میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 79 رنز کی اننگز کھیلی

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ریکارڈز کے انبار لگا رہے ہیں۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں نمیبیا کیخلاف میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز کے ساتھ ہی محمد رضوان ایک کیلنڈر ائیر میں 10 ففٹی پلس سکور کرنے والے پلیئر بن گئے ہیں۔ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین نے اس سال ایک سنچری اور 9 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو روبن ٹرمپیل مین نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پہلا اوور میڈن کرایا، یہ محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں پہلا میڈن اوور کھیلا۔

نمیبیا کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب پاکستان کے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو بڑے شاٹس کھیلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

10 اوورز کے بعد دونوں بلے بازوں نے 2 اوورز میں ایک رن دینے والے ٹرمپل مین کے تیسرے اوور میں 18رنز بٹورے۔پاکستانی اوپنرز نے ایک اور مرتبہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم 113 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد بابر اعظم پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 7چوکوں کی مدد سے 70رنز کی اننگز کھیلی۔
فخر زمان کا وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وکٹوں کے عقب میں زین گرین نے شاندار کیچ لے کر انہیں پویلین رخصت کردیا۔ دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان نے بھی اپنی نصف مکمل کر لی جو ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری ففٹی ہے۔ پاکستان نے اننگز کے آخری اوور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 24 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔پاکستان نے آخری 4 اوورز میں 62 اور آخری 10 اوورز میں 130رنز بنائے۔ اس سے قبل نمیبیا کے کپتان جیرہارڈ ایراسمس نے بابر اعظم کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ تینوں میچ جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جبکہ نمیبیا نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اب تک ایونٹ میں اپنے تینوں میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور آج کے میچ میں فتح پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنا دے گی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان پر مشتمل ہے جب کہ نمیبیا کی ٹیم میں جیرہارڈ ایراسمس (کپتان)، زین گرین، کریگ ولیمز، ڈیوڈ ویزے، مائیکل وین لینگین، جے جے اسمٹ، جین فریلنک، اسٹیفن بارڈ، جین نیکول لوفٹی ایٹون، روبن ٹرمپیل مین، بین شکنگو شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں