بھارتی کرکٹرز تھکاٹ کا شکارہیں،بمراہ

دبئی (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف بدترین شکست کو بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے کھلاڑیوں کی تھکن سے منسوب کردیا۔جسپریت بمراہ نے آئی پی ایل سمیت بھارتی کھلاڑیوں کے گزشتہ 6 ماہ سے کیے جانے والے دوروں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی ٹیم بائیو سکیور ببل کی تھکاوٹ کا شکار ہے اور کھلاڑی گزشتہ 6 ماہ سے کیے جانے والے دوروں کے سبب بھی تھکن سے متاثر ہیں۔
بھارتی ٹیم اپریل میں انڈین پریمیئر لیگ شروع ہونے سے قبل سفر کررہی ہے، ٹیم نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملتوی ہونے والے آئی پی ایل کے دوبارہ ری شیڈول ہونے کے بعد ستمبر میں متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا، اس سے قبل ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ کا بھی دورہ کرچکی ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جسپریت بمراہ کا کہنا تھا کہ آپ کو واقعی بریک کی ضرورت ہوتی ہے، جب آپ 6 ماہ سے سفر کررہے ہوں تو آپ کو اپنی فیملی کی یاد بھی ستاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کھیل کے لیے میدان میں جاتے ہیں تو آپ ان سب چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتے لیکن درحقیقت اتنے عرصے تک اپنی فیملی سے دور رہنا اور ببل میں رہنا معنی رکھتا ہے۔جسپریت بمراہ کا کہنا تھاکہ ہمیں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک آرام دہ ماحول فراہم کرنے کی پوری کوشش کی، ہم جانتے ہیں کہ یہ مشکل وقت ہے اور ہم اس سے لڑنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود تھکن ہوجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں