وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا اور کور کمیٹی ارکان سے نالاں

کوئی بھی معاملہ ہو آپ لوگ ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔ وزیراعظم عمران خان کا شکوہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا اور کور کمیٹی کے اراکین سے خفا ہو گئے۔ روزنامہ جنگ میں شائع رپورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم، وزراء اور کور پارٹی قیادت سے خفا نظر آئے۔ وزیر اعظم نے ارکان سے شکوہ کیا کہ کوئی بھی معاملہ ہو آپ لوگ ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔
انہوں نے ارکان کوہدایت دی کہ ملکی اور سیاسی معاملات پر سب کو یک زبان ہونا چاہئیے، چند ہفتوں میں وزراء اور پارٹی قیادت فرنٹ فٹ پر نظر نہیں آئی۔ دوران اجلاس وزیر اعظم نے وزرا کو کالعدم تنظیم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر بات کرنے سے بھی روک دیا۔ وزیراعظم نے کور کمیٹی ارکان کو ایم کیو ایم کی مثال بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے جب میں ایم این اے تھا تو ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کیسے بولتے تھے۔

ان میں سے جب کسی ایک پر بھی کوئی بات ہوتی تو وہ 18 کے 18 ارکان یک زبان ہو کر بولتے تھے، پتہ چلتا تھا کہ کوئی معاملہ ہوا ہے اور اس کا شدید ترین ری ایکشن آیا ہے۔ وزیراعظم نے کور کمیٹی ارکان کو الیکشن کمیشن جانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ اعظم سواتی اور فواد چوہدری کی پیشی پر آپ لوگ ان کے ہمراہ الیکشن کمیشن جائیں۔ دوران اجلاس وزیراعظم نے پنجاب کو جلد لوکل باڈی الیکشن ڈرافٹ کابینہ سے منظور کروانے کی ہدایت کی۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی کہ اگلے دس دنوں میں کابینہ سے منظور کروا کر صوبائی اسمبلی میں لائیں تاکہ الیکشن ہو سکیں، کور کمیٹی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر بھی مشاورت کی گئی ۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز ہونے والے معاہدے پر بات کرنے سے ارکان کو روک دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں