سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے ہے

ہنگو (نیوز ڈیسک) : ہنگو کی تحصیل ٹل میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے اہلکار ہنگو کی تحصیل ٹل اور مضافات میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے بعد واپس جارہے تھے کہ جہاز و میدان کے قریب دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔
سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن سے واپسی پر دہشتگردوں نے ٹیم پر فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی کے دوران 4دہشتگرد مارے گئے اور4 فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے بتایا گیا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشت گرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

دہشت گرد انسداد پولیو ٹیم پرحملوں، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القائدہ ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا سے نام سے ہوئی ۔ دہشت گردوں سے چارایس ایم جی، 16 چارجر،4 بنڈولیر اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے تاجروں اور تعلیمی اداروں کو خط لکھ کر 30 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کی جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ دہشت گرد تاجر برادری اور تعلیمی اداروں کو بھتے کے لیے خط لکھتے تھے، دہشت گردوں نے بھتے کے لیے 10 کے قریب خط لکھے اور تاجروں سے 30 کروڑ روپے کا بھتہ مانگا۔
قبل ازیں کوئٹہ کے نواحی علاقے مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں کے خلاف یہ کارروائی مستونگ کے علاقے روشی میں سکیورٹی اداروں کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران کیمپ میں موجود دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 9 دہشتگرد مارے گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کیمپ دہشتگردی کی حالیہ مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوا، کالعدم تنظیم کے زیر استعمال کیمپ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، برآمد شدہ اسلحہ میں 9 کلاشنکوف، بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں