وزیراعظم کا اتحادی جماعتوں کو ملکی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان اہم حکومتی فیصلوں سے متعلق اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو ملکی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔سماء نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آج اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو ملاقات کے لیے بلا لیا ہے۔اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنما کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم ، جی ڈی اے اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کو موجودہ ملکی صورتحال پر اعتماد میں لیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان اہم حکومتی فیصلوں سے متعلق اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔اجلاس میں شیخ رشید ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، لیگی رہنما مونس الٰہی اور ایم کیو ایم کا وفد شرکت کرے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس دن 12 بجے ہو گا۔

اجلاس میں کالعدم تنظیم کے مارچ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ کالعدم تنظیم سے مذاکرات اور حکمت عملی پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔وزیراعظم کالعدم تنظیم کے مارچ اور مطالبات سے متعلق اپنا موقف کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔ علاوہ ازیں تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاہدوں پر عملدرآمد کمیٹی کا دوسر ا اجلاس کمیٹی کے سربراہ علی محمد خان کے زیرصدارت لاہور میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق مشاورت ہوئی ۔اجلاس میں معاہدے سے متعلق ابتک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس خوش گوار ماحول میں، بہتر نتائج سامنے آئے گے۔واضح رہے کہ کالعدم جماعت اور حکومت کے مابین معاہدہ طے پا چکا ہے جس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں