بچپن سے ہی خواب تھا کہ دنیا کا بہترین کرکٹر بننا ہے: بابراعظم

ذرا سا ریلیکس ہوئے تو میچ ہار سکتے ہیں، میرا عزم ہے کہ ایک ایسی مضبوط ٹیم بنائی جائے جو پاکستان کا نام روشن کرے :قومی کپتان

لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ جیسے ٹورنامنٹ میں ذرا سا ریلیکس ہوئے تو میچ ہار سکتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں بابراعظم نے بتایا کہ بچپن سے ہی خواب تھا کہ دنیا کا بہترین کرکٹر بننا ہے، اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تسلسل لانے کی کوشش کررہا ہوں۔ قومی کپتان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی توقعات ہیں کہ ہم ہر میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں، جس سے الحمداللہ میرے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ جیت کر مداحوں کو خوش رکھوں۔
بابراعظم نے کہا کہ میرا اب یہی عزم ہے کہ ایک ایسی مضبوط ٹیم بنائی جائے جو پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرے، بطور کپتان یہی کہوں گا کہ ہمیں اچھی کرکٹ تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہوگی کیونکہ آپ ایک بڑے ایونٹ میں شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ جیسے ٹورنامنٹ میں کسی بھی موقع پر ریلیکس نہیں ہوسکتے، اگر حریف ٹیم کو ذرا سا بھی مارجن ملا تو وہ آپ سے میچ لے جائے گی۔

دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بابر سے متعلق کہا کہ بابر نمبر ون ہے، وہ بہت خاص کھلاڑی ہے۔ بابراعظم کے ساتھی اوپنر اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا کہ بابر ہر کنڈیشن میں کھیل سکتا ہے، پھر چاہے وہ سیم ہو،باؤنسنگ یا سپن، دنیا بھر میں وہ میرے لیے بہترین کھلاڑی ہے۔ آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بابراعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے، یہ میں نے 4 سال پہلے اس وقت بھی کہا تھا جب اس کے کیرئیر کی شروعات تھی، اس کی مسلسل محنت کی بدولت وہ بہت آگے تک جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں