ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، بھارت کو نیوزی لینڈ کیخلاف 8 وکٹوں سے ذلت آمیز شکست

بائولرز کے بعد کیوی بلے بازوں کا بھی شاندار کھیل

دبئی (سپورٹس ڈیسک ) ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے ذلت آمیز شکست دیدی ۔ دبئی میں کھیلے جا رہے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب انہیں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اسی دباؤ کے سبب ایشان کشن باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔
روہت شرما نے لوکیش راہل کے ساتھ مل کر سکور کو 35 تک پہنچایا لیکن راہول ٹم ساؤدتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔ روہت شرما ڈراپ کیچ کا زیادہ دیر فائدہ نہ اٹھا سکے اور چھکا مارنے کی کوشش میں اش سودھی کی گیند پر مارٹن گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔ مشکل وقت میں ویرات کوہلی بھی چھکا مارنے کی کوشش میں 9رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

ہاردک پانڈیا اور ریشبھ پنٹ بھی رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے رہے ۔

سکور 71 تک پہنچا تو بھارت کو 5واں نقصان اٹھانا پڑا اور ایڈم ملنے کی گیند پر پنٹ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے ۔یوزی لینڈ کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ اور عمدہ فیلڈنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب 17ویں اوور کی آخری گیند پر ہردک پانڈیا نے چوکا مارا تو یہ بھارت کی 71گیندوں کے بعد پہلی باؤنڈری تھی۔ہاردک پانڈیا نے 24 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اننگز کے 19ویں اوور میں بولٹ نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد شردل ٹھاکر کو پویلین لوٹا دیا۔
آخری اوور میں رویندرا جدیجا کی جانب سے بنائے گئے 11 رنز کی بدولت بھارت کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا سکی۔رویندرا جدیجا نے 19 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 20 رنز کے تین جب کہ اش سودھی نے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے نیوزی لینڈ کو 24 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر مارٹن گپٹل 20 رنز بنانے کے بعد کیچ ہو گئے۔
ڈیرل مچل کا ساتھ دینے کپتان کین ولیمسن آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی شراکت قائم کر کے ہدف تک رسائی آسان بنا دی۔ مچل نے 35 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بمراہ کی دوسری وکٹ بن گئے۔ نیوزی لینڈ نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر 33گیندوں قبل ہی فتح حاصل کرلی۔ اس میچ میں شکست کے بعد بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات انتہائی معدوم ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کی وجہ اوس کو قرار دیا ہے۔ میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سوریا کمار یادیو اور بھوونیشور کمار یہ میچ نہیں کھیل رہے۔ بھارت نے ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ ایشان کشن اور شردل ٹھاکر کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور ٹم سیفرٹ کی جگہ ایڈم ملنے کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں