خضدار اور بسیمہ میں4.2 شدت کا زلزلہ، لوگ خوف میں مبتلا ہوگئے

زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر اور زلزلے کا مرکز بسیمہ سے 63 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، زلزلہ پیماء مرکز

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان میں بسیمہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کی شدت چار اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے شدید جھٹکوں سے شہری خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں خضدار کے علاقے بسیمہ اور گردونواح میں زلزلے کے 4.2 شدت کے شدید جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، خوف میں مبتلا لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، عمارتوں سے باہر سڑک پر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے 6 بج کر 9 منٹ پر محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر اور زلزلے کی لہروں کا مرکز بسیمہ سے 63 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 9 تھی۔ یاد رہے زلزلے ایسی قدرتی آفت ہیں، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

زلزلوں سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں