حیدرآباد میں دیکھی جانے والی چُڑیل کی تصویر سوشل میڈیا پر مقبول

حیدر آباد (مانیٹرننگ ڈیسک سےدلچسپ و عجیب خبر) : اگر آپ پاکستان کے رہنے والے ہیں تو بچپن میں جن بھوت کی کہانیاں ہم سب نے ہی سُن رکھی ہیں۔ خوفناک کہانیاں سُن سُن کر ہم سب کے دل میں ایسی مخلوقات کے لیے ایک خوف سا بیٹھ گیا ہے۔ جن بھوت ابھی تک ایک معمہ ہیں، جو ماننے والوں کے لئے وجود رکھتے ہیں اور نہ ماننے والوں کے لیے یہ محض کہانیوں کی حد تک ہی موجود ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی۔ وائرل ہوئی تصویر سے متعلق بتایا گیا کہ یہ تصویر حیدر آباد کے ایک علاقہ میں رات کے وقت چھت پربیٹھی ایک چُڑیل کی تصویر ہے۔ بظاہر یہ تصویر کسی چھوٹی بچی کے بھوت کی معلوم ہوتی ہے۔ اس تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستانی گلوکار فاخر محمود نے بھی اپنے فیس بُک پیج پر یہ تصویر پوسٹ کر کے اپنے مداحوں سے اس تصویر کے اصلی اور جعلی ہونے سے متعلق دریافت کیا۔

سوشل میڈیا صارفین میں سے کچھ نے اس تصویر کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ چُڑیل کو معلوم تھا کہ اس کی تصویر بنائی جا رہی ہے اور اسی لیے وہ آرام سے بیٹھ کر کیمرے میں دیکھتی رہی ۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ تصویر کسی بے گھر بچی کی بھی ہو سکتی ہے جو کسی چھت پر پناہ لے رہی ہو۔ یہ بات سچ ہے کہ بھوت پریت کا وجود ہے لیکن کچھ لوگوں کی نظر میں یہ ایک عجیب سوچ ہے۔ لیکن جہاں تک اس تصویر کے اصلی اور جعلی ہونے کا سوال ہے ، یہ تصویر لینے والے یا وہاں پر موجود لوگ ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ آیا یہ تصویر اصلی ہے یا کسی نے شرارت کے تحت ایسا کیا ہے۔ جو بھی ہو اس تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ تو اپنی جانب مبذول کروا ہی لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں