اسلام آبادٹریفک پولیس نے قوانین پر عملدرآمد کیلئے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا

جاری شدہ خصوصی مہم میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 46733چالان ٹکٹ جاری کئے گئے مہم کا مقصدقیمتی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے روڈ ڈسپلن قائم کرنا ہے،ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک

اسلام آباد(کرائم ڈیسک) اسلام آبادٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا،5 نکاتی جاری شدہ خصوصی مہم میںگزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 46733چالان ٹکٹ جاری کئے گئے،ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک نے کہا ہے کہ مہم کا مقصدقیمتی جانوں کا تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے روڈ ڈسپلن قائم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکاماتِ کی روشنی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں،اس حوالے سے ایس پی ٹریفک نے ٹریفک قوانین خصوصا موٹر سائیکل پرون ویلنگ ،اوور سپیڈنگ، لین اور لائن ڈسپلن، بغیر ہیلمٹ اور کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر رکھا ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسپیشل سکواڈز وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر تعینات ہیں جو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کیلئے مصروف عمل ہیں، اس خصوصی مہم کے تحت گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 46733 موٹر سائیکل سواروں کو 1کروڑ 25 لاکھ64 ہزار8سوروپے کے جرمانے کے چالان ٹکٹ جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ ہیلمٹ نہ پہننے پر37603 ، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی پر436 ،بغیر نمبر پلیٹ پر 875 موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں، اس کے ساتھ ون وے کی خلاف ورزی پر1047 جبکہ روڈ پربے احتیاطی اور خطرناک اندازمیں موٹر سائیکل چلانے پر 2313اور12سے زائدون ویلرز کے خلاف کارروائی کی گئی، جاری شدہ مہم کے دوران 1964سے زائد موٹر سائیکلز تھانہ جات میں بند کر دیئے گئے۔

ایس پی ٹریفک نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر مہم میں تیزی لائی جارہی ہے ،اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر ضرروی اقدامات کیے جارہے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی، اس خصوصی مہم کا مقصد شہریوں کو حادثات سے محفوظ بناتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔لہذا شہریوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں