ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی پہلی کامیابی

آندرے رسل نے بنگلہ دیش سے فتح چھین لی

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 3 رنز سے شکست دیدی ۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنرز کرس گیل اور ایون لوئس بالترتیب 12 اور 18 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کرس گیل کو 4 کے انفرادی سکور پر مہدی حسن نے بولڈ کیا جبکہ ایون لوئیس مستفیض الرحمٰن کا شکار بنے۔ شیمرون ہٹمائر اور روسٹن چیز نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 32 کے مجموعی سکور پر ہٹمائر 9 بنا کر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ روسٹن چیز کا ساتھ دینے کپتان کیرن پولارڈ آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 30 رنز جوڑے لیکن اس مرحلے پر انجری کے سبب پولارڈ ریٹائر ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

آندرے رسل کوئی گیند کھیلے بغیر ہی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے ،نکولس پوران اور روسٹن چیز نے 57 رنز کی شراکت قائم کی، پوران نے 22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ شریف الاسلام نے روسٹن چیز کی اننگز کا خاتمہ کیا جنہوں نے 39 رنز بنانے کیلئے 46 گیندوں کا سہارا لیا۔ آخری اوور میں بنے 19 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمٰن اور شریف الاسلام نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 20 کے مجموعی سکور پر آندرے رسل نے تجربہ کار شکیب الحسن کو چلتا کردیا۔ اگلے اوور میں جیسن ہولڈر نے محمد نعیم کی وکٹیں بکھیر دیں جو 17 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد لٹن داس کا ساتھ دینے سومیا سرکار آئے اور دونوں نے مل کر سکور کو 55 تک پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز کو لٹن داس کو رن آؤٹ کرنے کا موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ کا سفر جاری رکھنے کے لیے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن میں کافی گہرائی ہے اور ہم انہیں مناسب مجموعے تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور نورالحسن کی جگہ سومیا سرکار اور نسم احمد کی جگہ تسکین احمد کو شامل کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت اہم میچ ہے، ہم گزشتہ میچز ہارنے کا اپنے علاوہ کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے ہیں اور یہ اب ہم پر ہی منحصر ہے کہ ہم اس صورتحال کو تبدیل کریں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور لنڈل سمنز کی جگہ روسٹن چیز انٹرنیشنل ڈیبیو کریں گے جبکہ ہیڈن والش کی جگہ جیسن ہولڈر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
میچ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم محمود اللہ (کپتان)، لٹن داس، محمد نعیم، سومیا سرکار، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، مہدی حسن، شریف الاسلام، تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن پر مشتمل ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کیرن پولارڈ (کپتان)، ایون لوئیس، کرس گیل، روسٹن چیز، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور ری رامپال پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں