بھارت اورنیوزی لینڈ کیخلاف شاندار فتح ، جامعہ کراچی کی تمام کھلاڑیوں کو 100 فیصد فری سکالر شپ کی پیشکش

ٹیم نے قوم کو بڑی خوشخبری دی ،کرکٹرز کھیل کے میدان کی طرح تعلیمی میدان میں بھی کامیابی سمیٹیں: وائس چانسلرپروفیسر خالد عراقی

لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کامیابی پر جامعہ کراچی نے کپتان بابراعظم سمیت تمام کھلاڑیوں کو 100 فیصد فری سکالر شپ کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کامیابی پر قومی کھلاڑیوں کو 100 فیصد فری سکالرشپ کی پیشکش کی ہے ۔

وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر خالد عراقی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم نے قوم کو بڑی خوشخبری دی ، پاکستانی کرکٹرز کھیل کے میدان کی طرح تعلیمی میدان میں بھی کامیابی سمیٹیں۔ پروفیسرخالد عراقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کوجامعہ کراچی کے دورے کی دعوت دی جاِئے گی، قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا جامع تعلیمی پیکج بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد بھی سرکاری یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ خیال رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنے دونوں میچز میں فتح حاصل کی ، پہلے میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں جب کہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں