زین ملک اور جیجی حدید میں علیحدگی ہو گئی

امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے والدہ کے ساتھ مبینہ تلخ کلامی پر زین ملک سے علیحدگی کا فیصلہ کیا،دونوں کی علیحدگی بیٹی کی پیدائش کے 13 ماہ بعد ہوئی

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے بیٹی کی پیدائش کے 13 ماہ بعد راہیں جدا کر لیں۔ زین ملک نے جیجی سے علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے ایک طویل پوسٹ بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ میں ایک پرائیویٹ بندہ ہوں اور اپنی نجی زندگی کو عام نہیں کرتا۔
علیحدگی کے حوالے سے زین ملک نے کہا کہ ہمارے نجی معاملات کا دنیا کے سامنے تماشہ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ اقدامات کرنے پڑے ہیں۔اپنی بیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے کوئی مشکل کھڑی نہیں کرنا چاہتے اور اسے وہ سب مہیا کریں گے جس کی وہ حقدار ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں میں علحیدگی کی وجہ جیجی کی والدہ سے زین کا مبینہ تنازع بنی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان اختلافات کے دوران تلخ کلامی ہوئی اور زین ملک نے جیجی حدید کی والدہ پر مبینہ طور پر ہاتھ اٹھایا جس کی وہ پولیس میں شکایت بھی درج کرانا چاہتی تھیں۔تاہم زین ملک کی طرف سے اس بات کی تردید کی گئی ہے۔ زین ملک اور جیجی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے جب کہ 2018ء میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہو گئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہ گئی تھی۔
لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے مابین تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔خبریں تھیں کہ جی جی حدید اور پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار 27 سالہ زین ملک شادی سے قبل ہی والدین بننے والے ہیں۔ایک ٹاک شو میں جی جی حدید نے یہ انکشاف کیا کہ ان کے ستمبر کے آخر تک ننھے مہمان کی آمد ہوگی اور اس حوالے سے ان کے پورے اہل خانہ میں خوشی پائی جاتی ہے۔
ستمبر 2020 میں دونوں کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔جوڑے کی جانب سے اس خوشخبری کا اعلان انسٹا گرام پر بچی کا ہاتھ تھامے تصویر شئیر کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔ زین ملک نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ انہیں بیٹی کی پیدائش پر زندگی کے اصل معنی سمجھ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ جیجی حدید نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنے پانچ کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ بچی کی پیدائش کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹی نے دنیا میں آکر ان کی دنیا ہی بدل ڈالی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس چھوٹے سے انسان کے لیے جو محبت کے جذبات میں محسوس کر رہا ہوں وہ میری سمجھ سے بالاتر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں