ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بننے والی ہیوی گاڑیوں سمیت دیگر کیخلاف ہر صورت قانونی کارروائی کی جائے،ایس پی ٹریفک اسلام آباد

اسلام آباد (کرائم ڈیسک) ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بننے والی ہیوی گاڑیوں سمیت دیگر کے خلاف ہر صورت قانونی کارروائی کی جائے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی ہدایت پر اسلام آباد میں شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے اور حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس شب و روز اقدامات کر رہی ہے،تاکہ اسلام آباد میں مربوط ٹریفک نظام کو قائم رکھا جا سکے، اس سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اضافی نفری اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں خصوصاآئی جے پی روڈ ، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سمیت دیگر اہم مقامات پر تعینات کی گئی ہے ،اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے اسپیشل اسکواڈ بھی تشکیل دے گئے ہیں جوکہ ٹریفک کے بہاو اورشہریوں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں، تاکہ اسلام آباد کو حادثات سے مکمل محفوظ رکھا جا سکے۔

ایس پی ٹریفک نے ٹریفک افسران وجوانوں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی جے پی روڈ ، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر تعینات اضافی نفری ٹریفک کے بہائوکومزیدموثربنائیں اورٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں سمیت دیگرٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرسخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔تاکہ شہریوں کے جان و مال اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں