فیس بک کا نام تبدیل کر دیا گیا، مارک زکربرگ نے مرکزی کمپنی کا نیا نام “میٹا” رکھ دیا

یقین ہے میٹا موبائل انٹرنیٹ کا جانشین ہوگا، نیا پلیٹ فارم صارفین کو ڈیجیٹل اسپیس مرضی کے مطابق بنانے کی اجازت دے گا: بانی فیس بک

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) فیس بک کا نام تبدیل کر دیا گیا، مالک مارک زکربرگ نے مرکزی کمپنی کا نیا نام “میٹا” رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کے ہاں کمپنی کے قیام کے بعد آج تک کی سب سے بڑی تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی بی سی کی خبر کے مطابق فیس بک کمپنی کا نام اب “میٹا” رکھ دیا گیا ہے۔
اس تبدیلی کا اعلان فیس بک کی سالانہ ڈیویلپرز کانفرنس کے دوران کیا گیا، جبکہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ایک تفصیلی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ مرکزی کمپنی فیس بک اب تبدیلی ہو کر “میٹا” ہو گئی ہے۔ کمپنی اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے آگے بڑھ چکی ہے۔ مارک زکربرگ مزید کہتے ہیں کہ یقین ہے میٹا موبائل انٹرنیٹ کا جانشین ہوگا، نئے ورژن میں صارفین محسوس کریں گے وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

نیا پلیٹ فارم صارفین کو ڈیجیٹل اسپیس مرضی کے مطابق بنانے کی اجازت دے گا، ڈیجیٹل آفس کو تصویروں، ویڈیوز اور یہاں تک کتابوں سے سجایا جاسکے گا۔

اس حوالے سے 20 اکتوبو کر غیر ملکی میڈیا دی ورج کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک آئندہ ہفتے ایک نئے نام کے ساتھ خود کو دوبارہ متعارف کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
بتایا گیا کہ کمپنی کی ری برانڈنگ، فیس بک کی سوشل میڈیا ایپ کو ایک پیرنٹ کمپنی کے ماتحت کئی مصنوعات میں سے ایک کے طور پر پیش کرے گی جو انسٹاگرام، واٹس ایپ، اوکولس اور دیگر کی نگرانی کرے گی۔ کمپنی کی ری برانڈنگ فیس بک کے نئے پراجیکٹ میٹاورس پر فیس بک کی توجہ کی عکاسی کرے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کو مزید پاس لانے کے لیے فیس بک اس وقت جدید ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنی میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی پلیٹ فارم کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کے لیے وہ یورپ میں دس ہزار لوگوں کو بھرتی کرے گی۔ میٹاورس وہ ٹیکنالوجی ہے جسے انٹرنیٹ کے مستقبل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں