کالعدم جماعت کی مذہبی لبادے میں سیاسی عزائم پورے کرنے کی کوشش

حکومت نے کالعدم تنظیم کے مظاہرین کو روکنے کے لیے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : کالعدم تنظیم نے مذہبی لبادے میں اپنے سیاسی عزائم پورے کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے کالعدم تنظیم سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور سکیورٹی ادارے کالعدم تنظیم سے سختی سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کالعدم تنظیم نے احتجاج کی آڑ میں رااستے بند کر رکھے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کالعدم تنظیم سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے نہ ہی لانگ مارچ کی اجازت دی جائے گی۔ حکومت نے کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کو طاقت سے روکنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سیاسی مقاصد پورے کرنے کے لیے کسی قسم کا تشدد کا راستہ اپنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین کی شہر شہر میں گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا اور اسلام آباد کے داخلہ راستوں پر رکاوٹیں اور سکیورٹی کی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ مہذب اور جمہوری معاشرے میں احتجاج کا حق ہر کسی کو ہے لیکن ملک اور عوام کی املاک کو نقصان پہنچانے کا حق کسی کو نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان سے مذاکفرات کر کے ان کے مطالبات کافی حد تک تسلیم بھی کر لیے لیکن اس طرح سڑک پر آ کر خارجہ پالیسی سے متعلق باتیں منوانا ناقابل قبول ہے کیونکہ ریاستیں اس طرح نہیں چلتیں۔ واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں وفاقی کابینہ 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو وزیر داخلہ شیخ رشید کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات بارے بریفنگ بھی دی جس میں کالعدم تنظیم سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں کالعدم تنظیم کا احتجاج جاری ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، راولپنڈی میں مرکزی شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے، چاندنی چوک سےفیض آباد تک مری روڈ کو بھی مکمل سیل کر دیا گیا ہے۔ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں