سرکاری ٹی وی انتظامیہ نے شعیب اختر اور نعمان نیاز کے مابین تنازعے کا نوٹس لے لیا

انتظامیہ کا معاملے پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ،واقعے کی تحقیقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) سرکاری ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے سپورٹس شو میں میزبان نعمان نیاز اور سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے مابین تنازعے کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نے اس معاملے پر ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ خیال رہے کہ سرکاری ٹی وی پر جاری ورلڈ کپ کے شو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ پر گفتگو کی جارہی تھی۔
پینل میں ویسٹ انڈین لیجنڈ سر ویوین رچرڈز، ڈیوڈ گاور، عاقب جاوید، راشد لطیف ، عمر گل ، اظہر محمود اور سپر سٹار شعیب اختر شامل تھے۔ ان تمام سٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کا ذکر کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ نوجوان بولر قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیداوار ہے۔

پروگرام کے میزبان پہلے تو یہ کہہ کر حارث کا ذکر گول کرنے لگے کہ شاہین آفریدی انڈر 19 سے آیا، لیکن بعد میں انہوں نے ناشائستہ انداز اپناتے ہوئے شعیب اختر جیسے سپر اسٹار کو لائیو ٹی وی پر شو سے چلے جانے کا کہہ دیا ۔ بعد ازاں شعیب اختر نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا، نیا بھر کے لیجنڈز کے سامنے یوں شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں