رجب طیب اردوغان: یورپی سفیروں کا ویانا کنوینشن پر عمل کرنے کا اعادہ، ترک صدر اردوغان کا خیر مقدم

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یورپی ممالک کے سفیروں کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انھوں نے ویانا کنوینشن کے آرٹیکل 41 کی مکمل پاسداری کا اعادہ کیا ہے۔ویانا کنوینشن کے آرٹیکل 41 کے تحت کوئی ایسا شخص جسے کسی ملک میں سفارتی استثنیٰ اور مراعات حاصل ہوں وہ اس ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔
امریکہ سمیت دس یورپی ممالک کے سفیروں کی جانب سے سماجی کارکن عثمان کوالہ کی فوری رہائی کے مطالبے کے بعد ترک صدر نے ان سفیروں کو ’ناپسندیدہ شخصیت‘ قرار دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ ترکی نے ان سفیروں کو ملک سے نکالنے کی تنبیہ کی تھی۔ترک خبر رساں ادارے انادولو نے ترکی کے صدراتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ صدر اردوغان نے یورپی سفیروں کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترکی میں یورپی سفیروں کے تازہ بیان کو اپنے 18 اکتوبر کے بیان سے پیچھے ہٹنے سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ترکی میں امریکی، کینیڈا اور نیدرلینڈ کے سفارت خانوں کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ وہ ویانا کنوینشن کے آرٹیکل 41 کی مکمل پاسداری کریں گے۔سماجی کارکن عثمان کوالہ 2017 سے ترکی کی جیل میں ہیں۔ پہلے انھیں 2013 میں حکومت مخالف احتجاج کو منظم کرنے کے الزام میں جیل میں بند کیا گیا تھا۔
عثمان کوالہ کو گذشتہ برس سنہ 2013 میں ملک گیر احتجاج کے الزامات سے بری کر دیا گیا تھا مگر اٴْنھیں تقریباً فوراً ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔بری کرنے کا فیصلہ معطل کر کے اٴْن کے خلاف سنہ 2016 میں اردوغان حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کے الزامات عائد کر دیے گئے تھے۔عثمان کوالہ اپنے خلاف الزامات کی تردید کرتے ہیں اور اردوغان حکومت کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اٴْن کا معاملہ ’اختلافی آوازوں کے خلاف وسیع تر کریک ڈاؤن کی مثال ہے‘۔
یورپی کورٹ آف ہیومین رائٹس نے 2019 میں اپنے ایک فیصلے میں عثمان کوالہ کی رہائی کا حکم دیا تھا۔گذشتہ ہفتے امریکہ، کینیڈا، فرانس، فن لینڈ، ڈنمارک، جرمنی، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے اور سویڈن نے سماجی کارکن کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ان میں سے سات ممالک ترکی کے نیٹو اتحادی ہیں۔یورپ میں انسانی حقوق کے مرکزی ادارے کونسل آف یورپ نے ترکی کو وارننگ دی ہے کہ وہ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کے عثمان کوالہ کی رہائی کے حکم کی تکمیل کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں