18

آرمی چیف سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ،وطرفہ تعاون اورافغانستان میں امن اور استحکام پر تبادلہ خیال

پاکستان، کینیڈا کے ساتھ کثیرجہتی، طویل المعیاد، پائیدارشراکت داری کا خواہاں ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر مسز وینڈی گلیمر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون اورافغانستان میں امن اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر مسز وینڈی گلیمر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی صورتحال بالخصوص افغانستان میں امن اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ کثیرجہتی، طویل المعیاد، پائیدارشراکت داری کا خواہاں ہے، آرمی چیف نے زور دیا کہ افغانستان پر عالمی اتفاق رائے کی ضرورت ہے تاکہ کسی انسانی بحران سے بچا جاسکے، اس کے ساتھ ساتھ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں، کینیڈین ہائی کمشنر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا کے آپریشنز میں پاکستان کی مدد کو بھی سراہا، کینیڈین ہائی کمیشنز نے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں