نیٹو نے جدید ٹیکنالوجیز کے حصول کیلئے نیٹو انو ویشن فنڈ قائم کر دیا

نیٹو شمالی بحر اوقیانوس کے لیے ڈفینس انو ویشن ایکسیلیریٹر فار دی نارتھ اٹلانٹک قائم کر رہا ہے،سیکریٹری جنرل یین اسٹولٹنبرگ

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) نیٹو نے جدید حربی ٹیکنالوجیز کے حصول کی لیے نیٹو انو ویشن فنڈ قائم کر دیا ہے، اس فنڈ میں ایک ارب یورو کی سرمایہ کاری کے ذریعے ابھرتی ہوئی اور خلل ڈالنے والی ٹیکنالوجیز پر کام کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا اعلان نیٹو سیکریٹری جنرل یین اسٹولٹنبرگ نے نیٹو وزرائے دفاع کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو شمالی بحر اوقیانوس کے لیے ڈفینس انو ویشن ایکسیلیریٹر فار دی نارتھ اٹلانٹک قائم کر رہا ہے جو ہماری سلامتی کے لیے سویلین اختیارات کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ٹیکنالوجی ٹیسٹ سینٹرز اور ایکسیلیریٹر سائٹس کا نیٹ ورک فراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ہی نیٹو وزرائے دفاع نے نیٹو کی پہلی مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا ہے جس میں بین الاقوامی قانون کے مطابق اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال کے معیارات شامل ہیں۔

اس اجلاس میں وزرا نے نیٹو کے قریبی شراکت داروں فن لینڈ، سویڈن اور یورپین حکام سے بھی ملاقاتیں کیں تاکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔دوسری جانب اس اجلاس میں شریک امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے شرکائے اجلاس سے کہا کہ نیٹو کے تمام شراکت داروں کو افغانستان کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تجربے میں ہمارا اتحاد ہی اہم رہا، ہم افغانستان میں اکٹھے گئے تھے اور اکٹھے ایک اتحاد کی حیثیت سے ہی وہاں سے نکلے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ہم نے یہ بھی سیکھا ہے کہ آئندہ ایسے کسی بھی آپریشن میں پرانے تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی مشترکہ طاقت کا بہتر استعمال کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں