ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

سٹوئنس کی میچ وننگ اننگز

ابوظہبی(اسپورٹس ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابو ظہبی میں کھیلے جارہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آج سے گروپ سٹیج مقابلوں کا آغاز ہوگیا ہے، آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان ٹیمبا باووما 13 کے مجموعی سکور پر بولڈ ہوگئے۔
کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھانے کے لیے کریز پر آنے والے راسی وین ڈر ڈوسن بھی اگلے اوور میں جوش ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے۔ ڈی کوک 7 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ایڈن مرکرم اور ہینری کلاسن نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا لیکن 46 کے مجموعے پر کلاسن 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

مرکرم کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے اور دونوں نے 5ویں وکٹ کے لیے 34رنز بنائے ، ایڈم زامپا نے ڈیوڈ ملر کی 16 رنز کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا ،2 گیندوں بعدد زامپا نے ڈیوین پریٹوریس کا بھی کام تمام کردیا جو صرف ایک رن بناسکے۔

آسٹریلین کھلاڑیوں کی شاندار فیلڈنگ نے کیشو مہاراج کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم نے 40 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 18ویں کی پہلی گیند پر مچل سٹارک نے ان کو چلتا کردیا ، اینرچ نوکیا بھی صرف دو رنز بنا سکے۔ کگیسو ربادا کے 20 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
آسٹریلیاکی جانب سے سٹارک، زامپا اور ہیزل وُوڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ کھاتا کھولے بغیر ہی اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔ سکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ ڈیوڈ وارنر بھی صرف 14 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔ 17 گیندوں پر 11 رنز بنانے والے مچل مارش نے سٹیو سمتھ کے ساتھ سکور کو 38 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر انکی ہمت بھی جواب دے گئی۔
سمتھ کا ساتھ دینے گلین میکسویل آئے اور دونوں نے 43رنز کی اہم شراکت قائم کر کے سکور کو 80 تک پہنچا دیا۔ نوکیا نے سٹیو سمتھ کی اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، اگلے ہی اوور میں تبریز شمسی نے میکسویل کی وکٹیں بکھیر دیں، دونوں کھلاڑیوں نے آؤٹ ہونے سے قبل بالترتیب 35 اور 18 رنز بنائے۔ مارکس سٹوئنس اور میتھیو ویڈ نے حواس قابو میں رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو دو گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی، سٹوئنس نے 24 اور ویڈ نے 15 رنز بنائے۔
جوش ہیزل وڈ کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم کپتان ٹیمبا بووما، ڈی کوک، ایڈن مرکرم، وین ڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، ہنرچ کلاسن، مہاراج، اینریچ نورجے، تبریز شمسی، ڈیوائن پریٹوریس اور رباڈا پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلوی پلینگ الیون میں کپتان ایرون فنچ، وارنر، مارش، مارکس اسٹینس، اسٹیو اسمتھ، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، میکسویل، مچل سٹارک، میتھیو ویڈ اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں