محمد یوسف نے پاکستان ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی پیشن گوئی کردی

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) سابق کپتان محمد یوسف نے پاکستان ٹیم کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کی پیش گوئی کر دی۔محمد یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لئے زبردست کمبی نیشن بنا ہوا ہے، پوری قوم کی طرح میں بھی بہت پر امید ہوں کہ پورے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اکیلے میچ جتوا سکتے ہیں، قومی ٹیم پورے ورلڈ کپ میں ضرور اچھا پرفارم کرے گی۔محمد یوسف کا ماننا ہے کہ کرکٹ میں یہ کہنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ کونسی ٹیم کہاں تک آگے جائے گی لیکن میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان ٹیم میں اتنا پوٹینشل ہے کہ فائنل تک رسائی حاصل کرے گی جبکہ فائنل میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے لیکن ہمیں قومی ٹیم سے امید ہے کہ فائنل بھی جیتے گی۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دونوں اوپنرز پچھلے ایک عرصے سے بہت اچھا پرفارم کر رہے ہیں جبکہ مڈل آرڈر اچھا ہے جس میں سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن بنا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عماد وسیم اور شاداب خان دونوں اچھے اسپنرز ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث روف فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاندار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں حسن علی کا بہت بڑا فین ہوں، حسن علی سے ہمیشہ امیدیں لگا کر رکھتا ہوں کیونکہ وہ بہت خطرناک کھلاڑی ہیں۔محمد یوسف کا حسن علی کے حوالے سے یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت شاندار ہیں، حسن علی کلین ہٹنگ کرتے ہیں، وہ ایسے پلیئر ہیں جو ٹیم کو اٹھا کر رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں